ایم کیوایم کا کراچی کو 3 ماہ کے لیے فوج حوالے کرنے کا مطالبہ

سندھ حکومت ، پولیس نے کراچی کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے،سینئر رہنما ایم کیو ایم

منگل 9 اپریل 2024 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) ایم کیوایم کے رہنما مصطفی کمال نے کراچی کو 3 ماہ کے لیے فوج حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ، پولیس نے کراچی کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم رہنما مصطفی کمال نے کراچی میں بڑھتی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں، سندھ حکومت ، پولیس نے کراچی کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، کراچی کو 3 ماہ کیلئے فوج کے حوالے کیا جائے۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ 3ماہ میں اسٹریٹ کرائمز میں جاں بحق شہریوں کی تعداد 60 ہونے والی ہے، متعصب حکومت اور نااہل پولیس نے ڈاکوں، قاتلوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔رہنما ایم کیو ایم نے سوال کیا کہ سندھ کے وزیر داخلہ ضیا لنجار بتائیں کس نے پولیس کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں سندھ پولیس ایکشن کیوں نہیں لے رہی ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے، میٹرول کے علاقے میں دو شہریوں کو قتل کرکیسوا کروڑ لوٹ لئے گئے، کراچی کا کوئی علاقہ اور کوئی سڑک ایسی نہیں ہے جہاں شہریوں کی جان و مال محفوظ ہو۔