سرفراز بگٹی کی بلاول بھٹو سے ملاقات، بہتر صحت کیلئے سندھ و بلوچستان میں اشتراک پر اتفاق

وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو بلوچستان میں بینظیر بھٹو اسکالر شپ پروگرام کے اجراء سے متعلق آگاہ کیا

جمعہ 12 اپریل 2024 16:00

نوڈیرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوڈیرو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور سے ملاقات کر کے بلوچستان کابینہ کی تشکیل سمیت مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری کیلئے سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کے اشتراک پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو بلوچستان میں بینظیر بھٹو اسکالر شپ پروگرام کے اجراء سے متعلق آگاہ کیا۔نو ڈیرو میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سمیت گڈ گورننس کے قیام سے متعلق صوبائی حکومت کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق غریب عوام کی بہبود کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں، بلوچستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کے خاتمے کیلیے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان دل کے قریب ہے، بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے پہلے بھی اقدامات اٹھائے ہیں، عوامی فلاح کے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے، سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بلوچستان کی معاونت کرے گی۔