لاڑکانہ،سیاسی جماعتیں جمہوریت کی مضبوطی اور پاکستان کو بحران سے نکالنے سمیت ملکی ترقی کیلئے سوچیں،نثار کھوڑو کی پریس کانفرنس

جمعہ 12 اپریل 2024 19:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان میثاق ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کی تجویز دے دی ہے،پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت سے نئے این ایف سی ایوارڈ کے اجراء کے لئے نئی این ایف سی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کی جائے جس کے تحت سچ بول کر پھر آگے چلنا چاہیے،سیاسی جماعتیں جمہوریت کی مضبوطی اور پاکستان کو بحران سے نکالنے سمیت ملکی ترقی کے لئے مل کر سوچیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو مکمل خود مختیاری ملنی تھی جو ابھی تک مکمل طور پر نہیں دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیا این ایف سی ایوارڈ 2025 میں دیا جائے،نئے این ایف سی ایوارڈ کے اجراء کے لئے این ایف سی کمیشن قائم کیا جائے،آئینی طور پر این ایف سی میں صوبوں کا حصہ بڑھایا تو جاسکتا ہے کم نہیں کیا جا سکتا،این ایف سی میں صوبوں کے 57 فیصد حصے میں سے سندھ کو این ایف سی کی مد میں 24 فیصد دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کا جلسہ 14 اپریل بروز اتوار تین بجے گڑھی خدابخش بھٹو میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پریا کماری کے اغوا کیس کی مکمل جانچ پڑتال ہونی چاہیے کہ یہ واقعہ کیسے ہوا،پریا کماری اغوا کے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کام کر رہی ہے،جس کے نتائج آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس امن و امان کو بہتر کرنے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے،پولیس کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے تمام اختیارات حاصل ہیں اور رینجرز بھی پولیس کی مدد کے لئے موجود ہوتی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں میں 18 وزیر اور 5 مشیر سے زیادہ وزراء نہیں بن سکتے،جس محکمے کا وزیر نہیں ہوتا وہ محکمہ وزیراعلیٰ کے پاس ہوتا ہے اس لئے سندھ حکومت کابینہ کے بغیر نہیں ہے۔