آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری

شکارپور میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ،گوادر، پسنی، جیونی اور سربندن کے ندی نالوں میں طغیانی

اتوار 14 اپریل 2024 11:35

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا ..
لاہور/کراچی/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور پنجاب سمیت ملک بھر میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔سندھ میں شکارپور کے گائوں مصری واہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ گوادر، پسنی، جیونی اور سربندن میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور برساتی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔

(جاری ہے)

مکران کوسٹل ہائی وے پرنس آف ہوپ کے مقام پر ٹریفک معطل ہو گئی، سرگن شونٹھر ندیوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی۔کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔شہر کے مختلف علاقوں مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی و گردونواح میں بوندا باندی ہوئی، فیروز پور روڈ، کینال اور جیل روڈ کے مختلف مقامات پر بھی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔کراچی میں بارش 15 اپریل کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ مغربی ہوائوں کا دوسرا سلسلہ 17 اپریل کو بلوچستان سے کراچی میں داخل ہو گا۔