سید نجمی عالم کی گڑھی خدابخش آمد، شہداء کے مزار پر حاضری

اتوار 14 اپریل 2024 20:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ سندھ کے صوبائی مشیر برائے کچی آبادی سید نجمی عالم نے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی کے ہمراہ گڑھی خدابخش پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو، مرحومہ بیگم نصرت بھٹو اور مرحومہ امیر بیگم کے مزارات پر حاضری دی ، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔

سید نجمی عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچی آبادی کے کام کو تیز کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری کی خاص ہدایات ہیں کہ غریبوں کو ملکیت کے حقوق اور سستے داموں پر پلاٹ دئیے جائیں اور نئے نقشے پاس کروا کر نئی کالونیاں بھی قائم کی جائیں تاکہ شہر سے تجاوزات ختم ہو اور سڑکیں کشادہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں صوبائی مشیر نے لاڑکانہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے علی آباد کا دورہ کیا اور لاڑکانہ میں واقع نظر محلے کے تعمیراتی منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کچی آبادیوں کے نقشے تعمیراتی منصوبہ کے مطابق ہونے چاہئیں۔ انہوں نے لطیف آباد کا دورہ بھی کیا اور حکام کو درپیش مسائل کے بارے میں ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر صوبائی مشیر کے کوآرڈینیٹر آغا سعید بھی موجود تھے۔ سید نجمی عالم پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی رہائش گاہ بھی گئے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرہ ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔