کچھ سیاستدان ذاتی اناکیلئے ملک کےساتھ کھیلنا اور نقصان پہنچاناچاہتے ہیں.بلاول بھٹو زرداری

دھرنا دھرنا کھیلنے کے بجائے میز پر آئیں اور مذاکرات کریں،ہماری تجویزہے تمام جماعتیں چارٹر آف ری کنسیلیئشن پر کام کریں.چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 14 اپریل 2024 22:40

کچھ سیاستدان ذاتی اناکیلئے ملک کےساتھ کھیلنا اور نقصان پہنچاناچاہتے ..
گڑھی خدا بخش(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 اپریل۔2024 ) پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ سیاستدان ذاتی اناکیلئے ملک کےساتھ کھیلنا، نقصان پہنچاناچاہتے ہیںبلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں اپنے نانا ، سابق وزیر اعظم ذو الفقار بھٹو کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو آئین دیا، انہوں نے کسانوں اور عوام کو ان کے حقوق دیے، شہید بھٹو نےملک کو ایٹمی طاقت بنایا، شہید بھٹو آج بھی زندہ ہیں.

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج دوصوبوں میں ہمارے جیالے وزرائے اعلی ہیں، چیئرمین سینیٹ بھی پیپلزپارٹی کا ہے جبکہ آصف زرداری دوسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں.

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھٹو نے روٹی،کپڑا،مکان کا نعرہ دیا، سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ بھٹو کو انصاف نہیں ملا تھا، بھٹو کیس میں جیت ہر جمہوریت پسند کی جیت ہے انہوں نے کہا کہ بھٹو وزیراعظم بنے تو ان کیخلاف سازش شروع ہوگئی، کچھ سیاست دان ذاتی انا کے لیے ملک کو نقصان پہنچاناچاہتے ہیں، کچھ سیاستدان ملک کےساتھ کھیلنا چاہتے ہیں، گالم گلوچ کی سیاست سے ملک، جمہوریت اور معیشت کو بھی نقصان ہوگا، تمام سیاسی جماعتیں سیاست کے دائرے میں رہ کر سیاست کریں.

بلاول بھٹو نے کہا کہ دھرنا دھرنا کھیلنے کے بجائے میز پر آئیں اور مذاکرات کریں، ہمیں چاہیے پاکستان کے عوام کو تکلیف نہ پہنچائیں، پیپلزپارٹی کی تجویزہے تمام جماعتیں چارٹر آف ری کنسیلیئشن پر کام کریں.