Live Updates

فارم 47 کی حکومت پانچ ماہ نکال گئی توبڑی بات ہے، فواد چوہدری

ملک میں سیاسی درجہ حررات نیچے لانے کی ضرورت ہے، عمران خان کو رہا کریں تا کہ ملک آگے بڑھ سکے۔ اے ٹی سی پیشی پر میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اپریل 2024 11:52

فارم 47 کی حکومت پانچ ماہ نکال گئی توبڑی بات ہے، فواد چوہدری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2024ء ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فارم 47 کی حکومت پانچ ماہ نکال گئی توبڑی بات ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شخص کو ہر وقت گرفتاری کا خطرہ ہے، میں چار مرتبہ جیل سے ہو آیا ہوں الله خیر کرے گا، تاہم سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں رکھ کر مسائل حل نہیں ہوں گے، ملک میں سیاسی درجہ حررات نیچے لانے کی ضرورت ہے، جس کے لیے عمران خان کو رہا کریں تا کہ ملک آگے بڑھ سکے کیوں کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی ہے پانچ ماہ نکال گئی توبڑی بات ہے۔

بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں عبوری ضمانت 20 اپریل تک منظور کرلی، اس حوالے سے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فواد چوہدری کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، سابق وزیر اپنی اہلیہ حبا فواد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے سابق وفاقی وزیر کی 4 مقدمات میں عبوری ضمانت 20 اپریل تک منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پولیس سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا اور پولیس کو فواد چوہدری کی گرفتاری سے روک دیا۔

(جاری ہے)

عید سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی 22 مقدمات میں تین ہفتوں کی حفاظتی راہداری ضمانت منظور کی گئی تھی، اس حوالے سے عدالت نے پولیس کو سابق وفاقی وزیر کو گرفتار کرنے سے روکا تھا اور فواد چوہدری کو تین ہفتوں میں متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کا حکم دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے حفاظتی ضمانت منظور کی جہاں فواد چوہدری کی جانب سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں درج مقدمات میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے راہداری ضمانت کی استدعا کی گئی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات