مافیاز ملکی دولت نچوڑ رہے ہیں، سسٹم میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

27 ارب ڈالر کی درآمدات ہم اپنی بجلی اور ٹرانسپورٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کررہے ہیں، مہنگے تیل پر چلنے والے بجلی کے منصوبوں کی قابل تجدید توانائی پر منتقلی ضروری ہے۔ اجلاس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اپریل 2024 14:04

مافیاز ملکی دولت نچوڑ رہے ہیں، سسٹم میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگے تیل پر چلنے والے بجلی کے منصوبوں کوقابل تجدید توانائی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے، بجلی کی ترسیل کی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے، ونڈ، پن بجلی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے، بجلی کی چوری کی روک تھام میں پنجاب کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے، دوسرے صوبے بھی بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات اٹھائیں، این ڈی ایم اے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل وضع کرے۔

تفصیلات کے مطابق بجلی کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیراعظم نے کی، اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اوایس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، معیشت سے متعلق مختلف اجلاس ہو چکے ہیں، ملک میں بارشیں ہو رہی ہیں اس سے ڈیموں میں بھی پانی آئے گا اور پن بجلی کی پیداوار بڑھے گی، بارشوں سے جانی نقصان بھی ہو اہے، چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تیار کرے تاکہ جہاں جہاں بھی بارشوں سے نقصان ہوا ہے وہاں پر امدادی سامان پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لئے پرعزم ہے، بجلی چوری کی روک تھام کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات حوصلہ افزا ہیں، دوسرے صوبوں کو بھی اس حوالے سے اقدامات کرنے چاہیئں، یہ ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنا ہو گا، بجلی کی ترسیل کے نظام کی استعداد بہتر بنانے کی ضرورت ہے، بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری کے بغیر مطلوبہ فوائد کا حصول ناممکن ہے، بجلی کی ترسیل کے نظام میں خامیاں اور کمزوریاں دور کرنا ناگزیر ہے، بجلی کی ترسیل کے نظام کی استعداد بڑھانے کے لئے ماہرین کی خدمات لینے کی ضرورت ہے تاکہ بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری لائی جا سکے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اضافی بجلی کو بھی استعمال میں لانے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں، پن بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی، بجلی کے منصوبوں کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے، ونڈ، پن بجلی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، ہمیں اپنے سسٹم میں بہتری لانے کی ضرورت ہے کیوں کہ 27 ارب ڈالر کی درآمدات سے ہم اپنی بجلی اور ٹرانسپورٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کررہے ہیں، مافیاز ملک کی دولت کو نچوڑ رہے ہیں، بجلی کی پیداوار کے لئے اگر ہم متبادل ذرائع استعمال کریں تو اربو ں ڈالر کا تیل کادرآمدی بل کم کیا جا سکتا ہے، اس کے لئے تفصیلی منصوبہ بندی اگر کر لی جائے تو ہمیں مستقبل میں بہت فائدہ ہو گا۔