آزادی رائے کا حق ہر شہری کو حاصل لیکن سوشل میڈیا پر الزام تراشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی،انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں،جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

پیر 15 اپریل 2024 17:36

آزادی رائے کا حق ہر شہری کو حاصل لیکن سوشل میڈیا پر الزام تراشی کی اجازت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہے،لیسکومیں83 کروڑ یونٹس کی اووبلنگ ہوئی،عامر تانبا حملے کی تحقیقات جاری ہیں،بھارت پاکستان میں قتل کی وارداتوں میں براہ راست ملوث رہا ہے،پاکستان میں دہشت گردی میں افغانستان کی سر زمین استعمال کی جا رہی ہے،آزادی رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے لیکن سوشل میڈیا پر الزام تراشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایف آئی اے کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا،امیگریشن میں ایف آئی کے کائونٹرز میں اضافہ کیا جائے گا،ائیر پورٹس پر ای گیٹس کی سہولت متعارف کرائی جائے گی ،سندھ پولیس کے مثبت اقدامات سے کراچی میں سٹریٹ کرائم میں واضح کمی ہوئی،انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں،جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

پیر کو ایف آئی اے لاہور ریجنل آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،بلوچستان اور خیبر پختونخوامیں اس وقت بجلی چوری کے واقعات بہت زیادہ ہیں،وہاں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،لیسکومیں83 کروڑ یونٹس کی اووربلنگ ہوئی،بدقسمتی سے300 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو بھی اووربلنگ کی گئی،ملک بھر میں اوور بلنگ کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی قسم کا دبائو قبول نہیں کیا جائے گا،اوور بلنگ کے معاملے پر عوام کو فوری ریلیف دیا جائیگا،ایف آئی اے کے ساتھ مل کر اووربلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی،ایک ایکسیئن کو اوور بلنگ میں ملوث ہونے پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا ہے،تاہم ابھی تحقیقات جاری ہیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے،ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق اووربلنگ میں ڈیسکوز کا عملہ ملوث ہے،اگر اور کوئی کمپنی بھی اس میں ملوث ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی،عوام کو دو چار روز میں اس حوالے سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایئر پورٹ پر عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے شکایت کے ازالہ اور امیگریشن کے مسائل کے فوری حل کے لئے ممکنہ اقدامات کی ضرورت ہے،امیگریشن میں ایف آئی اے کے کائونٹرز میں اضافہ کیا جائے گا،ائیر پورٹس پر روانگی و آمد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ای گیٹس کی سہولت کو متعارف کروانے پر غور کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ کے لیے ایف آئی اے شاندار خدمات سر انجام دے رہا ہے،بجلی چوری کو روکنے کے لیے ایف آئی اے اور دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے،ایف آئی اے سائبر ونگ میں بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں،اس سلسلے میں ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیر سے میں رابطہ میں ہوں،ایف آئی اے کی خالی آسامیوں میں بھرتی کے عمل کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا تا کہ ری ویمپنگ کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔

محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں،بلوچستان حالیہ واقعہ جس میں انسانی اسمگلنگ سمیت دیگر 8 پنجابی لوگ جن کو دہشت گردوں نے ہلاک کر دیا،اس پر تحقیقات جاری ہیں،واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عامر تانبا حملہ کیس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں،واقعہ کی کڑیاں بھارت میں جا کر ملتی ہیں ،بھارت پاکستان میں قتل کی وارداتوں میں براہ راست ملوث رہا ہے،بھارت پہلے بھی4 قتل کی واردات میں ملوث رہ چکا ہے،تاہم واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،جرائم کے خاتمہ کے لیے اگر قانون سازی کرنا پڑی تو ضرور کریں گے تاکہ جرائم پیشہ افراد سزا سے نہ بچ سکیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آزادی رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے لیکن سوشل میڈیا پر الزام تراشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی،اگر کسی پر الزام تراشی کی جائے تو اس الزام کو ثابت بھی کیا جانا چاہیے،سوشل میڈیا پر اس طرح کے پراپیگنڈا کے خاتمے کے لیے سائبر کرائم میں اصلاحا ت لا رہے ہیں،کراچی میں سٹریٹ کرائمز میں اضافہ کے حوالے سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کے لئے حکومت تمام اقدامات کر رہی ہے،کراچی میں جرائم کے حوالے سے سندھ حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے،میں اس سلسلے میں آئی جی سندھ اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہوں،سندھ پولیس کے مثبت اقداما ت سے اب جرائم میں واضح کمی ہوئی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے خلاف کسی کو دہشت گردی کے لیے زمین استعمال کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی ہے،حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ہمسایہ ملک افغانستان کی زمین استعمال ہونے کے ٹھوس شواہد ملے ہیں،اس حوالے سے وزارت خارجہ اپنا کام کر رہی ہے،پاکستان افغانستان سے با ت چیت کر رہا ہے،امید ہے کہ جلد اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔

قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید انسپکٹر شہزاد یونس کی بیوہ سب انسپکٹر فائزہ شہزاد سے ایف آئی اے کے نئے تعمیر شدہ انوسٹی گیشن شہید شہزاد یونس بلاک کا افتتاح کرایا اور نئے انوسٹیگیشن بلاک کے مختلف شعبوںکا معائنہ کیا۔ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیر،ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز ورک،ڈائریکٹر فیصل آباد،ڈائریکٹر گوجرانوالہ ودیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔