ٹرانسپورٹ پراجیکٹس کو آگے لے کر جایا جا رہا ہے اور نئے پروجیکٹ رواں ماہ کے آخر میں شروع کر رہے ہیں،شرجیل میمن

فریال تالپور کی ہدایت پر پنک بسز کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے اس لیے 19اپریل سے کراچی میں پنک بسز کے دو نئے روٹس شروع کرنے جا رہے ہیں،وزیراطلاعات سندھ

منگل 16 اپریل 2024 17:27

ٹرانسپورٹ پراجیکٹس کو آگے لے کر جایا جا رہا ہے اور نئے پروجیکٹ رواں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ پراجیکٹس کو آگے لے کر جایا جا رہا ہے اور نئے پروجیکٹ رواں ماہ کے آخر میں شروع کر رہے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ فریال تالپور کی ہدایت پر پنک بسز کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے اس لیے 19اپریل سے کراچی میں پنک بسز کے دو نئے روٹس شروع کرنے جا رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اورنج اور گرین لائن بی آر ٹی کے لیے فری شٹل سروس چلوائیں گے جبکہ میر پور خاص میں 20 اپریل کو پیپلز بس سروس کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اس وقت کچے کے علاقے میں آپریشن چل رہا ہے، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ آج بھی کچے کے علاقوں میں موجود ہیں، 13 مغویوں کو پچھلے 15 دنوں میں بازیاب کرایا گیا ہے اور پولیس کی جانب سے کچے میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کام ہوتا رہا تو جلد کچے کے حالات پر قابو پا لیں گے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اپریل میں 11 اسٹریٹ کرمنل پولیس مقابلے میں مارے گئے اور 60 کرمنل زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، اسٹریٹ کرائم پوری دنیا کا مسئلہ ہے لیکن ہم اپنے صوبے پر بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ہم نہیں چاہتے عوام کو تکلیف پہنچے۔انکا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری بہت بڑا چیلنج ہے جبکہ غیر قانونی تارکین وطن سب سے بڑا مسئلہ ہے، نگراں حکومت نے بھی غیر قانونی تارکین وطن کو ملک سے باہر نکالنے کی کوشش کی۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ پورے پاکستان میں ہے، کرسٹل اور آئس خطرناک نشہ ہے، کرسٹل کا استعمال کرنے والا شخص حیوان بن جاتا ہے اس لیے تمام والدین سے گزارش ہے اپنے بچوں کے رویوں اور دوستوں پر نظر رکھیں۔ نشہ کرنے والے سوسائٹی میں سوسائڈ بومبر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔