کوہالہ مظفرآباد روڈ غنڈوں کا راج ،سیاح فیملیزکے ساتھ آئے روز لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں اضافہ

منگل 16 اپریل 2024 18:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) کوہالہ مظفرآباد روڈ غنڈوں کا راج ،سیاح فیملیزکے ساتھ آئے روز لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں اضافہ ، مقامی بدمعاشوں کو پولیس تحفظ فراہم کر رہی ہے ، عید کی چھٹیوں میں مظفرآباد آنے والی فیملی کو راڑہ کے قریب بلاوجہ روک کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا پولیس چوکی راڑہ نے متاثرہ سیاح کی درخواست پر کارروائی کی بجائے تھانہ کلیاں سے رجوع کرنے کا مشورہ دے دیا، واضح تشدد کے باوجود پولیس نے اابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا تحریری درخواست میں بیروٹ کے رہائشی عادل محمود نے بتایا کہ میں اپنی فیملی کے ہمراہ جن میں تین عورتیں اور2بچے شامل تھے کے ساتھ سیاحت کی غرض سے مظفرآباد جا رہا تھا ، راستے میں ہماری گاڑی سے آگے جانے والی سوزوکی گاڑی کے ڈرائیورکی غفلت کی وجہ سے ایک موٹر سائیکل سوار ہماری گاڑی سے ٹکرا گیا جس میں ایک خاتون اور بچہ سوار تھا ، جس کے بعد غفلت کے مرتکب ڈرائیور کو احتیاط سے گاڑی نہ چلانے پر بڑے حادثہ رونما ہو سکتا تھا کا کہا تو ہمارے درمیان معمولی تلخ کلامی کے ساتھ ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم وہاں موجود افراد نے معاملہ رفع دفع کروایااور ہم مظفرآباد کی طرف روانہ ہو گئے ، تھوڑی دیر سفر طے کرنے کے بعد چند اوباش غنڈہ گرد عناصر نے ہماری گاڑی کو روک کر گاڑی میں موجود خواتین سمیت مجھے شدید تشدد کا نشانہ بنایا ، جس سے مجھے شدید چوٹیں بھی آئیں ، جس کی میڈیکل رپورٹ درخواست کے ہمراہ وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے نمبرز متعلقہ تھانے میں دی ،جس پرمتعلقہ چوکی افسر کارروائی کے بجائے کلیاں تھانے سے رجوع کرنے کے مشورے دے رہا ہے ، بیروٹ سے تعلق رکھنے والے شہری عادل محمود نے انسپکٹر جنرل پولیس ، ایس ایس پی مظفرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں سمیت واقعہ میں ملوث ملزمان راجہ عاصم خورشیداور اس کے ساتھیوں کو قرار کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات صادر کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

اور سیاحت کی غرض سے آزادکشمیر کا رخ کرنے والے سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی فوری انکوائری کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب چوکی افسرکیخلاف بھی کارروائی مطالبہ کیا ہے ۔