تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے اور قابل تجدید توانائی کے انتظام کے لئے متعلقہ حکام کو وزیر اعظم کی ہدایات کو سراہتے ہیں، احسن ظفر بختاوری

بدھ 17 اپریل 2024 20:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ملک کے 27 ارب ڈالر کے تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے اور موجودہ بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے قابل تجدید توانائی کے انتظام کے لئے متعلقہ حکام کووزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کو سراہا ہے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نے پاور سیکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزارت توانائی کو ملک کے تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے کے لئے قابل تجدید توانائی کے وسائل کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متبادل استعمال کرکے اربوں ڈالر مالیت کی تیل کی درآمد کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں ملک میں صرف صاف ستھرے، سستے اور قابل تجدید پاور پلانٹس لگائے جائیں، جس سے نہ صرف ملک کی محنت سے کمائے جانے والے زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ اس کی سماجی اور اقتصادی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار اقتصادی اور صنعتی ترقی کے لئے ایک مضبوط اور قابل اعتماد پاور ٹرانسمیشن سسٹم وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مانگ کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کے پاس اپنے شمسی، ہوا اور پن بجلی کے وسیع وسائل کو کم لاگت سے استعمال کرنے کا زبردست موقع ہے، قومی خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ٹھوس اقدامات یقینی طور پر ثمر آور ہوں گے اور صنعتی ترقی، ملک میں کاروبار کی توسیع اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی راہ ہموار کریں گے۔احسن ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ چیمبرز بالعموم اور آئی سی سی آئی بالخصوص ملک کی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کے لئے حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔