پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھٹو فائونڈیشن کے چیئرمین بشیر ریاض کی ملاقات

بدھ 17 اپریل 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہائوس میں بھٹو فائونڈیشن کے چیئرمین بشیر ریاض نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بی بی آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ بشیر ریاض جو بھٹو خاندان کے دیرینہ دوست ہیں ،نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہونے اور حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

پی پی پی کے میڈیاسیل سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، راجہ خرم پرویز اشرف، فیصل کریم کنڈی، فرزند علی وزیر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، نئے منتخب سینیٹر مسعود حسن، رکن قومی اسمبلی میر غلام علی تالپور، رکن قومی اسمبلی علی جان مزاری، رکن قومی اسمبلی نصرت رفیق مہیسر، رکن سندھ اسمبلی شیراز راجپر اور این اے 59 تلہ گنگ سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر حسن سردار نے ملاقات کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کو سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سینیٹ کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں میں عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل حل کریں۔