دبٸی میں بارشیں، مصباح الحق اور کامران اکمل ایٸرپورٹ پر پھنس گئے

سٹاف سے بات کرنے کے لیے آدھا دن لاٸن میں کھڑا رہنا پڑا : مصباح الحق، کامران اکمل کا بھی سوشل میڈیا پر نجی ایٸر لائن کی سروس پر افسوس کا اظہار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 اپریل 2024 15:55

دبٸی میں بارشیں، مصباح الحق اور کامران اکمل ایٸرپورٹ پر پھنس گئے
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اپریل 2024ء ) دبٸی میں بارشوں کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کی وجہ سے سابق پاکستانی کرکٹرز بھی ایٸرپورٹ پر پھنس گئے۔ سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل براستہ دبٸی امریکا جا رہے تھے جہاں ان دونوں کو بارشوں کے باعث ایٸرپورٹ پر کٸی گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سٹاف سے بات کرنے کے لیے آدھا دن لاٸن میں کھڑا رہنا پڑا۔

دوسری جانب کامران اکمل نے بھی سوشل میڈیا پر نجی ایٸر لائن کی سروس پر افسوس کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دینے کے بعد گرج چمک کے ساتھ طوفان کے الرٹ ختم ہونے کے بعد کراچی سے دبئی کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دبئی میں فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہونے کے بعد کراچی سے دبئی اور شارجہ جانے والی کوئی پرواز منسوخ نہیں کی گئی تاہم پروازوں کی روانگی کا وقت مؤخر کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ریکارڈ توڑ بارش کے باعث دبئی میں پھنسے پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 کراچی سے اسلام آباد چار گھنٹے 35 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ کویت کے ہوائی اڈے پر 50 کے قریب پاکستانی مسافروں کو مناسب رہائش نہ ہونے کے باعث پریشان کن حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان افراد نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ سے کویت کے راستے دبئی جانے کا ارادہ کیا تھا۔

تاہم دبئی ایئرپورٹ کی بندش کی وجہ سے غیر ملکی ایئرلائن نے انہیں کویت میں پھنسے چھوڑ دیا۔ بھارتی اور نیپالی مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا جبکہ پاکستانی مسافروں کو ایئرپورٹ پر لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ اس میں بوڑھی خواتین، بچے اور بیمار افراد شامل تھے جنہیں ایئرپورٹ کے فرش پر سونے پر مجبور کیا گیا تھا۔ امداد کی اپیلوں کے باوجود کویت میں پاکستانی قونصل خانے کے حکام کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔