میرٹ اور گڈگورننس کے لیے قائم ہونے والی اتحادی حکومت کامیابی سے اپنی منازل طے کر رہی ہے،نثارہ عباسی

چوہدری انوار الحق ایک بے لوث انسان ہیں جن کی بحیثیت وزیر اعظم آزاد کشمیر خدمات مدتوں تک یاد رکھی جائیں گی،مشیر حکومت

جمعہ 19 اپریل 2024 22:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) آزادکشمیرحکومت کی مشیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محترمہ نثارہ عباسی نے کہا ہے کہ آذادکشمیر کا ہر شہری میرا عزیز ہے۔ میرٹ اور گڈگورننس کے لیے قائم ہونے والی اتحادی حکومت کامیابی سے اپنی منازل طے کر رہی ہے۔اپوزیشن لیڈرخواجہ فاروق احمد کی جانب سے حکومت پر لگائے جانے والے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات انکی شخصیت کو زیب نہیں دیتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد کے معلمین القرآن کی تقرریوں کے حوالہ سے ایک بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم آزاد کشمیر پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کی بھر پور مذمت کرتی ہوں۔ خواجہ فارق احمد یہ مت بھولیں کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں اور میرا تعلق بھی حلقہ 3مظفرآباد سے ہے موصوف خود کو حلقہ 3 کا اکیلا وارث سمجھنا چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)

مشیر حکومت نے کہا کہ چوہدری انوار الحق ایک بے لوث انسان ہیں جن کی بحیثیت وزیر اعظم آزاد کشمیر خدمات مدتوں تک یاد رکھی جائیں گی جس کی سب سے بنیادی وجہ یہ ہے کہ وہ میرٹ کے معاملہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتے۔ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ اپوزیشن لیڈر نے اپنے دور حکومت میں حلقہ تین کے ساتھ سوتیلا سلوک روا رکھا اور پسند وناپسند پر کام کیے۔

خواجہ فاروق احمد حلقہ تین کی عوام کے حقوق کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں اس لیے وہ خود کو حلقہ نمبر 3 کا اکیلا وارث سمجھنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا ہر باسی میرا عزیز ہے حکومت سے باہر رہ کر بھی آزادکشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا اور ہمیشہ ہر محاذ پر اپنے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑتی رہوں گی۔ میں نے حکومت میں آ کر عوام کی بلاتخصیص خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور عوام کی خدمت ہی میری ترجیحی ہے۔ عوامی حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کروں گی اور نہ ہی کسی کو اس پر سیاست کرنے دوں گی۔