عرصہ دراز سے پوکیس میں بھرتی کے لیے منتظر امیدوران کی وزیر اعظم آزاد کشمیر و انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر سے انصاف کی اپیل

جمعہ 19 اپریل 2024 22:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) عرصہ دراز سے پوکیس میں بھرتی کے لیے منتظر امیدوران نے وزیر اعظم آزاد کشمیر و انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر سے انصاف کی اپیل کر دی۔تفصیلات کے مطابق ایک عرصہ سے محکمہ پولیس میں بھرتی کیلئے منتظر امیدوران نے بمطابق میرٹ بخلاف آسامیاں کنسٹیبلان بھرتی کے لیے وزیر اعظم آزاد کشمیر و آئی جی پی آزاد کشمیر کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے جس میں منتظر امیدوران نے استدعا کی ہے کہ ہم سائلان NTS کے زیر اہتمام آزاد کشمیر پولیس کانسٹیبلان کے حالیہ امتحان میں شامل ہوئے اور مقابلے کے امتحان میں تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔

تاہم متعلقہ اضلاع کی مشتہر شدہ آسامیاں کم ہونے کی وجہ سے تاحال بھرتی کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی بار آزاد کشمیر پولیس میں 2022 میں اور 2021 میں انتظاریہ کوٹے سے بچ جانے والی نشستوں + متعلقہ ضلع میں نوٹیفیکیشن کے بعد مزید خالی ہونے والی نشستوں پر انتظاریہ امیدوران کو بھرتی کیا جاتا رہا ہے۔ علاؤہ ازیں مہاجرین 1947 مقیم پاکستان و باقی اضلاع کی مشتہر شدہ آسامیوں پر امیدواران کے کوالیفائی نہ کر سکنے کی وجہ سے NTS میں مشتہر شدہ آسامیوں میں سے تقریباً 270 سے زائد نشستیں بچ گئی ہیں جبکہ باقی تمام اضلاع سے ان نشستوں کی تعداد کے نصف امیدواران انتظاریہ پر ہیں جن کی تعداد تقریباً 130 بنتی ہے۔

اس کے علاؤہ نوٹیفیکیشن کے بعد ہر ضلع میں درجنوں مزید نشستیں خالی ہوئی ہیں۔ اگر یہ آسامیاں محکمہ سروسز کی بھرتی پالیسی کے تحت سائلان میں تقسیم کی جائیں، تو میرٹ پر موجود ان ممبران کے مستقبل کے محفوظ ہونے کے قوی امکانات موجود ہیں۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن آزاد کشمیر پالیسی کے مطابق تمام ضلعوں سے موزوں امیدواران دستیاب نہ ہونے کی صورت میں دیگر اضلاع سے تقرری عمل میں لائی جا سکتی ہے، سروسز ڈیپارٹمنٹ کا 2022 کا اس پر نوٹیفیکیشن موجود ہے۔

لہذا ان تمام چیزوں+ ہر ضلع میں مزید خالی آسامیوں اور سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار انتظاریہ والے ممبران کو بھرتی کرنے کے احکامات صادر فرمائیں۔انہوں نے تحریر کیا ہے کہ سائلان غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ موجودہ مہنگائی اور بیروزگاری کے حالات میں سائلان بھرتی کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کرنے کے باوجود غیر یقینی کیفیت کا شکار ہیں۔ سائلان کی استدعا ہے کہ مہربانی فرماتے ہوئے گزشتہ سال کی طرح سائلان کی تقرری کے احکامات صادر فرمائے جائیں۔سائلان تا حیات جناب والا کے بلند مرتبے کے لیے دوا گو رہیں گے۔