بی جے پی نے شکست کے خوف سے وادی کشمیر میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے، عمرعبداللہ

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بی جے پی نے شکست کے خوف سے پارلیمانی انتخابات کیلئے وادی کشمیر میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے اور وہ اپنے کٹھ پتلیوں کیساتھ پس پردہ معاملات طے کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ان خیالات کا اظہاربھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی وادی کشمیر میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔

عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ کا یہ بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی کو یہاں کوئی حمایت حاصل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 2019کے پارلیمانی انتخابات میں وادی کشمیر میں امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن اس مرتبہ وہ شکست کے خوف سے پیچھے ہٹ گئی کیونکہ 5اگست2019کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اسکے غیر قانونی اقدام نے کشمیریوں کی ناراضگی اور غم وغصے کر بڑھا دیا ہے ۔