ضمنی الیکشن میں زیادہ تر نشستوں پر حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کو برتری حاصل

قومی اسمبلی کی 5 میں سے 2 اور پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی 12 میں سے 8 نشستوں پر ن لیگ آگے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 21:37

ضمنی الیکشن میں زیادہ تر نشستوں پر حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کو برتری ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء )  ضمنی الیکشن میں زیادہ تر نشستوں پر حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کو برتری حاصل ہے جہاں قومی اسمبلی کی 5 میں سے 2 اور پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی 12 میں سے 8 نشستوں پر ن لیگ آگے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق این اے 119 لاہور 3 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی پرویز ملک اور سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق میں مقابلہ ہوا، علی پرویز ملک 13ہزار 499 ووٹ لے کر آگے ہیں، اسی طرح این اے 132 قصور 2 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک رشید احمد اور سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر مدمقابل ہوئے جہاں ملک رشید احمد 57ہزار 213 ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ 1 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید احمد جونیجو 68000 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، ان کے مقابلے میں تحریک لبیک کے محمد علی 3ہزار 596 ووٹ حاصل کرسکے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ این اے 8 باجوڑ میں مسلم لیگ ن کے شہاب الدین خان، سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان، پیپلز پارٹی کے سید اخونزادہ چٹان اور آزاد امیدوار مبارک زیب ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئے یہاں سے آزاد امیدوار مبارک زیب 3ہزار 732 ووٹ لے کر آگے ہیں، این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان 1 سے مسلم لیگ ن کے ضمیر حسین، سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین خان، جے یو آئی پاکستان کے ضیا الرحمان نے الیکشن میں حصہ لیا، یہاں سے فیصل امین 11ہزار 084 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ پی پی22 چکوال، تلہ گنگ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار فلک شیر اعوان 21ہزار 912 ووٹ لے کر آگے ہیں، پی پی 32 گجرات 6 سے مسلم لیگ ق کے امیدوار موسیٰ الہیٰ 63ہزار 536 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے پرویز الہیٰ 18ہزار 327 ووٹ حاصل کر سکے، پی پی 36 علی پور چٹھہ سے مسلم لیگ ن کے عدنان افضل چٹھہ15ہزار 202 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، پی پی 93 بھکر 5 سے ن لیگ کے سعید اکبر خان 9ہزار 021 ووٹ لے کر آگے ہیں، پی پی 139 شیخوپورہ 4 سے مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار اعجاز حسین سے ہوا جہاں مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین 25ہزار 876 ووٹ لے کر سر فہرست ہیں۔

علاوہ ازیں پی پی 164 لاہور 20 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار راشد منہاس 10ہزار 527 ووٹ لے کر آگے ہیں، پی پی 149 لاہور 5 سے آئی پی پی کے امیدوار اور مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ محمد شعیب صدیقی 10ہزار 483ووٹ لیکر آگے ہیں، پی پی 290 ڈیرہ غازی خان 5 سے ن لیگ کے امیدوار علی محمد لغاری، سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد محی الدین کھوسہ اور پیپلز پارٹی کے منیر احمد جلبانی بلوچ میں مقابلہ ہوا، اس حلقے سے علی محمد خان لغاری 28ہزار 790 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔