کل جماعتی حریت کانفرنس کی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف بی جے پی حکومت کی سیاسی، مذہبی اور ثقافتی جارحیت کی شدید مذمت

پیر 22 اپریل 2024 15:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی سیاسی، مذہبی اور ثقافتی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بی جے پی کے کشمیر دشمن اور امن دشمن ایجنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد واتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے بی جے پی کی مخالفانہ پالیسی اس کے نسلی تعصب اور ہندوتوا نظریے پر مبنی ہے اور اس کا مقصد ایک ہندو ریاست کا قیام ہے۔ حریت ترجمان نے تنظیم کے ارکان پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شناخت کو مٹانے کی بھارت کی کوششوں کا متحد ہو کر مقابلہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نہ صرف کشمیریوں کے تشخص کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہے بلکہ سیاسی سرگرمیوں کو دبارہی اور مظلوموں کی آواز وں کو خاموش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سول سوسائٹی کے ارکان، علمائے دین، ماہرین تعلیم، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ دورے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مذاق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرکی حقیقی صورتحال بارے عالمی برادری کو گمراہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام دیرینہ تنازعہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل چاہتے ہیں، تنازعے کا حل نہ ہونا جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔