ہم دفعہ 370کوسود کے ساتھ واپس لیں گے، محبوبہ مفتی

ہمیں پائیدار امن اور استحکام کی خاطر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مل کر جمہوری جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے

منگل 23 اپریل 2024 14:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر کا حل ان کی پارٹی کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے علاقے بجبہاڑہ میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے لئے سب سے بڑا مسئلہ تنازعہ کشمیر کا حل ہے جس کے لیے یہاں کے لوگوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اوراس دوران بڑی تعداد میں بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہم دفعہ370اور جو کچھ اگست 2019میں ہم سے چھین لیا گیا تھا، سود کے ساتھ واپس لیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں پائیدار امن اور استحکام کی خاطر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مل کر جمہوری جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

محبوبہ مفتی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں موجود خوف ودہشت کے ماحول کو اجاگرکرتے ہوئے شہری آزادیوں کے خاتمے پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے اسلام آباد سرینگر ہائی وے پر غیر ضروری ناکوں اور جامہ تلاشیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تلاشی لی جا رہی ہے، ان کے موبائل فون چھینے جا رہے ہیں اور انہیں من گھڑت الزامات کے تحت گرفتارکیا جارہا ہے۔پی ڈی پی کی صدر نے حق رائے دہی سے محروم عوام کو ان کے حقوق دلانے، انہیں بے دخلی سے بچانے اور ان کے جائز مقام کو بحال کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے لوگوں کی آبائی زمینوں پر قبضے، وسائل کے استحصال، بے روزگاری اورنوجوانوں میں منشیات کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔