مظفرآباد ، ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے غیر قانونی ٹائم ٹیبل منسوخ کر دیا

منگل 23 اپریل 2024 14:29

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن /آزاد جموں وکشمیر کے نوٹس لینے پر ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے غیر قانونی ٹائم ٹیبل منسوخ کر دیا ہے،تفصیلات کے مطابق ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مظفرآباد نے اختیارات کے مغائر شیراز محبوب الہی نامی ٹرانسپورٹر کے حق میں مظفرآباد تا کراچی روٹ پر چلائی جانے والی گاڑی کیلئے دن دو بج کر تیس منٹ کا ٹائم ٹیبل 23فروری کو جاری کیا تھا ،یاد رہے کہ ٹرانسپوٹروں کے مابین طویل مقدمہ بازی کے بعد چیئرمین آزاد کشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مقدمہ عنوانی سفیر خان مغل وغیر ہ بنام اپلینٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی وغیرہ میں یہ قرار دیا تھا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی موٹر وہیکل آرڈنینس1971کے تحت صرف اپنی علاقائی حدود میں اوقات کار جاری کر سکتی ہے ،متذکرہ فیصلے سے قبل ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مظفرآبا تا کراچی بس سروس کے جارہ شدہ تمام اوقات کار منسوخ کردیے تھے اب شیراز محبوب الہی کی درخواست پر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے دوبارہ قانون کیخلاف کراچی بس سروس کیلئے ٹائم ٹیبل جاری کیا جس کے خلاف ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کے پاس شکایت پیش ہوئی تھی،ڈی جی اینٹی کرپشن کے نوٹس لینے پر خلاف قانون جاری کیے جانے والا ٹائم منٹوںمیں منسوخ کردیا گیا ہے۔