بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے،ڈاکٹر فائی

ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، چاہے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے،خطاب

پیر 29 اپریل 2024 14:13

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم اور کشمیر ڈائسپورا کوئلیشن نے واشنگٹن میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں متنازعہ علاقے جموں وکشمیر میں فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے انسانیت کے خلاف جاری جرائم کی مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں کہاگیا کہ بھارتی حکومت پوری دنیا میں ٹارگٹ کلنگ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو انسانی حقوق کے عالمی قانون اور جنیوا کنونشن کے منافی ہے۔

ڈبلیو کے اے ایف کے سیکرٹری جنرل اور کے ڈی سی کے بورڈ رکن ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہاکہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، چاہے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا۔ڈبلیو کے اے ایف اور کے ڈی سی کے صدر ڈاکٹر غلام نبی میر نے کہاکہ ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے میں بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کی مذمت کرے۔

(جاری ہے)

کے ڈی سی کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مبین شاہ نے کہا کہ کے ڈی سی میں وہ ایک آزاد، جمہوری دنیا کے اصولوں کے پابند ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب سے مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت بھارت میں اقتدار میں آئی ہے، اس نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی حکمرانی کے خلاف ہرقسم کی مخالفت کو منظم طریقے سے دبایا ہے۔ کے ڈی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرحان چک نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے میں تباہی مچا رہا ہے اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے جس میں قتل اور غیر قانونی نظربندیاں شامل ہیں۔

ڈاکٹر امتیاز خان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی فسطائی بی جے پی حکومت کو روکے کیونکہ وہ نہتے پناہ گزینوں، سیاسی کارکنوں، ماہرین تعلیم، طلباء، انسانی حقوق کے کارکنوںاور صحافیوں کو نشانہ بنارہی ہے۔ مزمل ایوب ٹھاکر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔