نواز شریف کی آنے والی نئی نویلی صدارت انہیں مبارک ہو ‘ اعجازچوہدری

اپنے سمدھی کو نائب وزیراعظم بنوا کر شہباز شریف کو ان کی حیثیت کا احساس دلایا گیا ہے‘ انسداد دہشتگردی عدالت میں گفتگو

پیر 29 اپریل 2024 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی آنے والی نئی نویلی صدارت انہیں مبارک ہو ،کیا ہی بہتر ہوتا کہ وہ مزاحمتی بیانیے کی جانب واپس لوٹنے سے پہلے اپنی اخلاقی پوزیشن کچھ بہتر کر لیتے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت میںپیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا کہ حدیبیہ ، العزیزیہ اور ایوان فلیڈ کی منی ٹریل وہ نہ دے سکے ،کم از کم خواجہ سعد رفیق ، رانا ثنااللہ اور خرم دستگیر کی طرح اپنی ذاتی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتے اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی نشست چھوڑ دیتے ۔

انہوںنے کہا کہ اپنے سمدھی کو نائب وزیراعظم بنوا کر انہوں نے شہباز شریف کو ان کی حیثیت کا احساس دلایا ہے ،ویسے پہلے ہی محسن نقوی اور مریم اورنگزیب کی وزارت سے انہیںان کی حیثیت کا ٹھیک اندازہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے سینیٹرز ان کے ڈرائونا خواب ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گندم کی امپورٹ سے ملک کو ایک بلین ڈالر کا نقصان ہوا ،نگران حکومت کے اس کارنامے کی تحقیقات ہونی چاہیے ،گندم میں جس جس نے مال بنایا ان کو قرار واقعی سزا ہونی چاہیے ۔ آئی ایم ایف ایک بلین ڈالر قرض دے بھی دے تو وہ پہلے ہی نگران حکومت پیشگی چوری کر چکی ہے ۔