سندھ کے وزراکی شہدائے جمہوریت کے مزاروں پر حاضری

پیر 29 اپریل 2024 23:37

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) سندھ کے صوبائی وزرامحمد علی ملکانی، دوست محمد راہمون اور طارق علی ٹالپر نے سوموار کو گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو، مرحومہ بیگم نصرت بھٹو اور مرحومہ امیر بیگم کے مزاروں پر حاضری دی،فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کہا کہ آج ہم یہاں شہداکے مزارات پر حاضری کے لیے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ایم پی اے ادی فریال تالپور نے ہم پر اعتماد کیا اور ہمیں وزارتوں کا قلمدان دیا اور ہر طرح سے سندھ کی عوام کی خدمت کرنے کا ٹاسک دیا۔اس موقع پر ایم پی اے سید اعجاز شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔