آزادء کشمیر میں صحرائی خاندان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، عزیر احمد غزالی

شہید اشرف صحرائی نے اپنی ستتر سالہ زندگی کو اسلام کی دعوت، کشمیری عوام کے حقوق اور ریاست کی آزادی کیلئے سرگرم رکھی

بدھ 1 مئی 2024 16:56

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) عظیم کشمیری آزادی پسند راہنما شہید اشرف صحرائی کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تحریک آزادء کشمیر میں صحرائی خاندان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی نے کہا ہیکہ شہید سید علی شاہ گیلانی کے دست راست تحریک حریت کشمیر کے چیئرمین شہید محمد اشرف خان صحرائی کے چوتھے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیئے ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کشمیری عوام کے ہر دلعزیز راہنما شہید اشرف صحرائی نے اپنی ستتر سالہ زندگی کو اسلام کی دعوت، کشمیری عوام کے حقوق اور ریاست کی آزادی کیلئے سرگرم رکھی۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھ کہ شہید نے قوم کی آزادی کے لیئے لازوال اور انتھک جدوجہد کی، صحرائی شہید نے بھارتی فوجی جبرواستبداد کیخلاف آزادی اور حق خودارادیت کے لیے مسلسل چالیس سال تک جدوجہد کی۔

انہوں نے تحریک مزاحمت میں اپنے لختِ جگر جنید احمد صحرائی کی قربانی دی۔ خاندان کے کئی نوجوان ہجرت و جہاد کیلئے وقف کیئے شہید کے بچوں نے وقتاً فوقتاً قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، بھارتی قابضین کے ظلم و عتاب کا شکار بنے۔ اشرف خان صحرائی نے اسلامی ریاست کے دفاع اور آزادی کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی۔ زندگی کے آخری ایام بھارتی زندانوں میں گزارے، عزم و ہمت کے کوہ گراں نے زندان میں شہادت قبول کر لی لیکن بھارتی حکمرانوں کے سامنے سرنگوں نہیں کیا۔

انہوں قومی آزادی کی جدوجہد کے دوران جیل میں شہادت پائی۔ عزیر احمد غزالی نے شہید صحرائی کو انکی بے مثال جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 5 مئی کے دن شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پروگرامات منعقد کیئے جائیں گے۔