مقبوضہ جموں وکشمیر : پی ڈی پی کا بی جے پی حکومت کے کشمیرمخالف ہتھکنڈوں کے خلاف احتجاج

بدھ 1 مئی 2024 18:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت کے کشمیر مخالف ہتھکنڈوں کے خلاف سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پی ڈی پی کے درجنوں کارکن شہر کے ریذیڈنسی روڈ پر واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئے اور بی جے پی اور بھارتی الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

مظاہرے کی قیادت پی ڈی پی کے سینئر رہنما نعیم احمد کر رہے تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کا اگست 2019میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام کوئی معمولی واقعہ نہیں تھا بلکہ یہ کشمیریوں کو اپنے وطن سے بے دخل اور حق رائے دہی سے محروم کرنے کا آغاز تھا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے اسکا آئین ، خود مختاری اور حقوق سمیت سب کچھ چھین لیا گیا ہے ۔ نعیم اختر نے کہا کہ بھارتی الیکشن کمیشن بی جے پی کا آلہ کار بن چکا ہے۔ بھارتی پویس نے اس موقع پر مظاہرے کے شرکاءکو سڑک پر مارچ کرنے سے روک دیا۔