سانحہ 9 مئی مشرقی پاکستان اور تقسیم بنگال سے کسی صورت مختلف نہیں ‘ چوہدری برجیس طاہر

بدھ 8 مئی 2024 14:26

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی مشرقی پاکستان سے مختلف نہیں ہے، پاکستان کے اندر ادارے کمزور ہو چکے ہیں،ملزموں کی ہمدردی کی بجائے جب تک ملزمان کو سزا نہیں مل جاتی وہ نت نئے طریقوں سے اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوتے رہیں گے، قوم کو آج تک نہیں بتایا گیا کہ سانحہ نو مئی کے کرداروں کو ایک سال گزرنے کے باوجودسزا کیوں نہیں مل سکی۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر ہائوس ،جی ایچ کیو پر حملے کرنے والے ملک دشمن عناصر پاکستان کے لیے ہر وقت خطرہ ہیں، دنیا کی بہترین فوج اور جرنیل ہمارے پاس موجود ہیں باوجود اسکے انصاف کیوں نہ مل سکا،حالانکہ نو مئی کے عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں ان ملزمان کو سزا دیئے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آ سکتا ،ایسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹ بیوروکریسی کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ،نیب میں نئی قانون سازی کی ضرورت ہے اس وقت ملک میں ایسا کوئی ادارہ موجودنہیں جو انصاف مہیاکرسکے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک افغانستان میں ایک زنا ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا،ٹرمپ کے ساتھیوں کو18/18سال سزادی گئی، جس کا انجام سب کے سامنے ہے آئندہ کسی کو جرات نہیں ہوگی کہ وہ ایسے کام کرے۔

جس ملک کے ادارے مضبوط ہوں تو ملک ترقی کرتا ہے پھر ایسے حالات پیدا نہیں ہوتے بھٹو کو پھانسی دینے والوں کے خلاف اور پانامہ میں اقامہ پر نواز شریف کو تاحیات نا اہلی کی سزا دی گئی ایسے لوگوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی انہیں سزا نہ دی گئی تو ملک میں ایسے بحران اتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 300ارب روپے کی بندر بانٹ کے ملزمان کے نام منظر عام پر آ جاتے 600افراد کی لسٹ اخبارات میں پرنٹ ہوتی تو پھر اج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا ملکی اداروں میں استحکام قانون کی حکمرانی سے ایسے واقعات ختم کیے جا سکتے ہیں وقت اگیا ہے کہ ملک میں ائین اور قانون کی حکمرانی ہو تاکہ عام ادمی کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔