9 مئی ہماری تاریخ کا سیاہ باب ہے ، مجرموں کو سزا دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں، چوہدری انوارالحق

بدھ 8 مئی 2024 21:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے 9 مئی ہماری تاریخ کا سیاہ باب ہے جس کے مجرموں کو سزا دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ شہداء پاکستان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں یہ وہ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جن افراد نے شہداء کی یادگاریں کی بے حرمتی کی وہ معافی کے قابل نہیں ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ ایسے انتشاریوں کے لئے کوئی معافی نہیں ہو سکتی جنہوں نے شہداء پاکستان کا لحاظ نہ کیا اور پاک فوج کی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری قومی حمیت کا معاملہ ہے شہداء کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو۔