میرپور سمیت پورے آزاد کشمیر کو پولیس سٹیٹ بنایا ہوا ہے،محمدطاہرکھوکھر

ہفتہ 11 مئی 2024 16:29

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ اور ایم کیو ایم آزاد کشمیر کے سابق پارلیمانی لیڈر و چیئرمین ایکشن کمیٹی تحفظ مرکزی جامع مسجد میرپور محمد طاہر کھوکھر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ میرپور سمیت پورے آزاد کشمیر کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے ،آزاد کشمیر کو پولیس سٹیٹ بنایا ہوا ، احتجاج سے 6ہفتہ پہلے ہی میرپور کو پولیس اور انتطامیہ نے پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے جس میں پولیس اپنی مرضی سے اور ہر حربے اور ناجائز طریقے سے عوام کو تنگ کر رہی ہے ان کو زدوکوب کر رہی ہے ، عوام کو حراساں کیا جا رہے لوگوں کو بلاجواز گرفتار اور پابند سلاسل کیا جا رہا ہے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں پولیس اور انتظامیہ نے ریاست کو مقبوضہ وادی میںتبدیل کر کے رکھ دیا ہے ،کیا عوام کو اپنی آواز کہنے کا بولنے کا حق نہیں ہے ان پر ظلم ہوتا رہا ان کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہو دو وقت کی روٹی عوام سے چھینی جا رہی ہو کیا ان کو احتجاج کا حق بھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وسائل پر کشمیریوں کا حق ہے ان کو یہ حق کیوں نہیں دیا جا رہا ہے ،اس سے قبل سانحہ میرپور میں پولیس والو ںنے بے گناہوں سے لاکھوں روپے کمائے اور بے گناہ لوگوں کو گرفتار کر کے ان سے رقوم لی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے آئی جی آزاد کشمیر ، چیف سیکر ٹری سمیت حکام بالا سے ملاقاتیں کی ان کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا نہ کوئی انکوائری ہوئی نہ جوڈیشل کمیشن بنا بلکہ حکومتنے جو انکوائری کی اس کی رپورٹ کو بھی دبا دیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کے آفیسران حکومت سے بھی طاقت ور نکلے انہوں نے حکومتی رپورٹ کو بھی ابھی تک پبلک نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج عوام پولیس سٹیٹ میں اپنے حقوق کے لیئے سڑکوں پر نکلے ہیںان حالات میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ظلم اور پولیس سٹیٹ کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں،اپنے حقوق اپنے مسائل کے حل کے لیئے جدوجہد کر رہے ہیں میرپور ،مظفرآباد ،باغ ،راولا کوٹ سمیت پورے آزاد کشمیر کے عوام نے ثابت کیا اور وہ ثابت کریں گے کہ وہ ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں اور ظلم سیاہی کو ختم کریں گے ۔

طاہر کھوکھر نے کہاکہ عوامی حقوق کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں ،عوام ساتھ دیں اور پرامن طریقے سے اپنا احتجاج جاری رکھیں ، اور پرامن طریقے سے جدوجہد جار رکھیں گے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہیں وقت آگیا ہے عوام گھروں سے نکلیں حقوق مانگنے سے نہیں چھیننے پڑتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو پولیس سٹیٹ نہ بنایا جائے انٹری پوائنٹس سمیت آزاد کشمیر کی تمام سڑکیں کھولی جائیں ان کو بند نہ کیا جائے حکومت اور انتظامیہ دفعہ 144ختم کر کے لوگوں کو پرامن احتجاج کا حق عوام کو دے ورنہ حالات مزید خراب ہوں گے حکومت کی نااہلی اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے دشمن ان حالات کا فائدہ اٹھا رہا ہے اور ان کے مذموم مقاصد پورے رہے ہیں ان کو موقع مل رہا ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ حکومت اس سے پہلے حالات خراب ہوں ٹھوس اقدامات اٹھائے اور ان مسائل کے حل کے لیئے حکومت پاکستان سے بات کرے اور مسائل کو حل کرے ۔