مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے،سردار محمد ناہید عباسی

اتوار 12 مئی 2024 13:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) ڈسٹرکٹ کونسلر یونین کونسل چھتر کلاس حلقہ کھاوڑہ مظفرآباد آزاد جموں وکشمیر سردار محمد ناہید عباسی کا فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت،اقوام عالم سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم کو رکوانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں انھوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے اندر آئے روز فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج ظلم و بربریت کے پہاڑ ڈھا رہی ہے جبکہ دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی ایک بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی انسانی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر خواتین کی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور بچوں اور دوسرے لوگوں پر بھی ناقابل بیان مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین دنیا کے دو بڑے تنازعات ہیں جنہیں حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کی عدلیہ نے جس طرح مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو نظر انداز کیا یہ انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ جو کچھ مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین میں ہو رہا ہے اس پر عالمی دنیا کی خاموشی قابل مذمت ہے۔اب وقت آ گیا ہے کہ پوری امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر مل کے ساری عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہیے امت مسلمہ کی کامیابی صرف اور صرف متحد ومنظم ہونے کی صورت میں ہے۔