بھارت تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہا ہے،حریت کانفرنس

مظفر آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کا ’’ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ‘‘ کا دورہ

جمعہ 17 مئی 2024 13:37

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے ایک وفد نے’’ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ‘‘ مظفرآباد کا دورہ کیاجہاں اسے ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے بریفنگ دی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وفد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر،غلام محمد صفی،سید فیض نقشبندی،الطاف حسین وانی،الطاف احمد بٹ،سید اعجاز احمد شاہ،امتیاز اقبال وانی اور زاہد اشرف شامل تھے۔

ڈائریکٹرڈ اکٹر راجہ محمد سجاد خان نے وفد کو بتایا کہ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ’’ انٹرنیشن جرنل آف کشمیر اسٹیڈیز‘‘ کے نام سے ایک جریدہ شائع کرتا ہے جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹس شائع کی جاتی ہیں جبکہ ادارہ انٹرن شپ پروگرام،سمینار، کانفرنسز،لیکچرز وغیرہ کا انعقاد بھی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

محمود احمد ساغر نے اس موقع پر کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہا ہے تاکہ عالمی برادری کو گمراہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو ناکام بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ وفد کے دیگر ارکان نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بھارتی پروپیگنڈے کو ناکام بنائیں اور دنیا کو بتائیں کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیریوں کی جدوجہد جائز اور درست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے پر تلی ہوئی ہے لہذا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر قانونی بھارتی اقدامات اور نہتے کشمیریوں پرجاری وحشیانہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔