سیاست دان، براڈ کاسٹر، شاعر اور مذہبی شخصیت عامر لیاقت حسین کی برسی پر مداحوں کا خراج عقیدت

اتوار 9 جون 2024 11:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2024ء) سیاست دان، براڈ کاسٹر، شاعر اور مذہبی شخصیت عامر لیاقت حسین کی برسی اتوار 9 جون کو منائی گئی۔ ان کی برسی کے موقع پر مداحوں نے عامر لیاقت حسین کی خدمات پر بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ عامر لیاقت حسین 5 جولائی 1971ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پاکستانی ذرائع ابلاغ میں جدید فیملی انٹرٹینمنٹ کے بانی ہیں۔

انہوں نے خصوصی رمضان نشریات کی روایت ڈالی جسے آج تمام ٹی وی چینل فالو کر رہے ہیں۔ پاکستانی میڈیا کی تاریخ ساز نشریات میں سلام رمضان، رحمان رمضان، مہمان رمضان، پہچان رمضان، امان رمضان اور پاکستان رمضان شامل ہیں۔ انہوں نے فیملی انٹرٹینمنٹ پر مبنی پروگرام کا آغاز کیا جس نے انٹرٹینمنٹ میڈیا انڈسٹری کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ کر تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح دینی مسائل اور ان کے حل پر مبنی دینی معلومات کا شہرہ آفاق پروگرام پہلے عالم آن لائن، عالم اور عالم اور اب عالم آن ائیر کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے۔ عامر لیاقت حسین نے 2002ء کے عام انتخابات میں بھی ایم کیو ایم کی ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی اور انہیں پرویز مشرف کے دور حکومت میں مذہبی امور کا وزیر بنایا گیا جبکہ 2018ء کے انتخابات میں وہ این اے 245 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی برسی کے موقع پر علمی، ادبی حلقوں اور شو بز انڈستری کے زیر اہتمام مختلف تقریبات میں ان کے مداحوں نے ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔