Live Updates

’عمران خان نے سپریم کورٹ کی آبزرویشن کا احترام کیا‘

سیاسی جماعتوں سے مذاکرات پر قائد پی ٹی آئی کی رضامندی پر فواد چوہدری کا ردعمل

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 جون 2024 16:45

’عمران خان نے سپریم کورٹ کی آبزرویشن کا احترام کیا‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جانب سے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات پر رضامندی کے حوالے سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جس طرح عمران خان نے سپریم کورٹ کی آبزرویشن کا احترام کیا ہے اب دیکھنا ہوگا باقی فریقین بھی چیف جسٹس اور جج صاحبان کی خواہشات کا احترام کرتے ہیں یا نہیں؟ ماحول خراب کیا گیا تو ظاہر ہے یہ پیغام سپریم کورٹ کو ہوگا اور بہتر ہوا تو بھی سپریم کورٹ کا کریڈٹ ہوگا۔

اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم نے عمران خان کو بتایا دوریاں بڑھ رہی ہیں اس کے لیے ڈائیلاگ ضروری ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہماری بات سے اتفاق کیا، ویسے بھی عمران خان کئی بار کہہ چکے میرے ساتھ جو ہوا معاف کرنے کو تیار ہوں، مذاکرات کے راستے کھولے جائیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بات چیت کے لیے تیار ہیں، سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی سے بات کرکے مذاکرات کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کرنا پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے لیکن محمود خان اچکزئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد ہے اس لیے انہیں اعتماد میں لیں گے، مذاکرات الائنس کی سطح پر بھی ہوں گے، پی ٹی آئی خود بھی آغازکر سکتی ہے کیوں کہ مذاکرات کے سوا کوئی آپشن نہیں، اس لیے ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، برف پگھل رہی ہے ہم چاہتے ہیں حالات بہتر ہو جائیں، ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کسی ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے۔

اس موقع پر جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا مذاکرات سپریم کورٹ کے کہنے پر ہو رہے ہیں؟‘ اس کے جواب میں بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو آپشن دیا ہے وہ بھی زیرِ غور ہے، سپریم کورٹ کے مذاکرات کے آپشن کا جواب بھی پی ٹی آئی دے گی، تاہم عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ کو مذاکرات کے لیے کوئی خط نہیں لکھا گیا۔
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات