آئی ایم ایف اور چین کیساتھ معاہدوں سے لاعلم، بجٹ پر بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، خورشید شاہ

ہم اتحادی ہیں، ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا، ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ ضابطہ اخلاق کے تحت چلے، میڈیا سے گفتگو

منگل 11 جون 2024 18:15

آئی ایم ایف اور چین کیساتھ معاہدوں سے لاعلم، بجٹ پر بھی اعتماد میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں بجٹ کا علم نہیں، حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا، آئی ایم ایف اور چین سے معاہدوں سے بھی ہم لاعلم ہیں۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ماضی میں اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جاتا تھا، اب ہم اتحادی ہیں، ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا، ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ ضابطہ اخلاق کے تحت چلے۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم شکایت حکومت سے کر رہے ہیں، پارلیمنٹ کے اندر پیپلز پارٹی نے بہت قربانیاں دی ہیں، آج بھی ہم کہتے ہیں پارلیمنٹ اور حکومت چلنی چاہئے، حکومت کا فرض ہے وہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کیلئے سوچتی ہے، آئی ایم ایف نے اگر شرائط طے کی ہیں تو حکومت کو ہمیں اعتماد میں لینا چاہئے تھا، ابھی بجٹ پر پھنسے ہوئے ہیں کابینہ میں شرکت کا سوچا ہی نہیں۔