تعمیراتی کام کے دوران لوہے کی سیڑھی میں کرنٹ پھیلنے سے 4 مزدور جاں بحق

جاں بحق مزدورپبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی تعمیراتی سائٹ پر کام کررہے تھے،ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر 6 افراد کو کنویں سے نکال لیا جن میں سے 4 جاں بحق ہوچکے تھے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 14 جون 2024 11:22

تعمیراتی کام کے دوران لوہے کی سیڑھی میں کرنٹ پھیلنے سے 4 مزدور جاں بحق
تاندلیانوالہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14جون 2024 ) فیصل آباد کے نواحی علاقے تاندلیانوالہ میں تعمیراتی کام کے دوران لوہے کی سیڑھی میں کرنٹ پھیلنے سے 4مزدو ر جاں بحق اور 2شدید زخمی ہوگئے،جاں بحق مزدورپبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی تعمیراتی سائٹ پر کام کررہے تھے۔تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کنویں میں لوہے کی سیڑھی پر کرنٹ پھیل گیا جس سے مزدور اندر گر کر ڈوب گئے۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر 6 افراد کو کنویں سے نکال لیا۔ ان میں سے 4 جاں بحق ہوچکے تھے۔ ریسکیو عملے کے مطابق 30 سالہ کارکن ناصر اور 26 سالہ حامد سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔جاں بحق مزدوروں کی شناخت 35 سالہ گارڈ شفیق، 36 سالہ ارسلان، 40 سالہ برہان اور 40 سالہ اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد ایس پی اقبال ٹاو¿ن عثمان منیر سیفی، ڈی ایس پی فیکٹری ایریا رانا عطا الرحمان اور ایس ایچ او ڈجکوٹ شہزاد احمد بھٹی سمیت پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچے۔ جاں بحق افراد کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھی سرگودھا کے علاقے بھلوال میںکنویں کی صفائی کے دوران 3 سینٹری ورکرز زہریلی گیس سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

4 سینیٹری ملازمین ڈسپوزل کے کنویں میں صفائی کیلئے داخل ہوئے تھے جہاں چاروں سینٹری ورکرز زہریلی گیس سے بے ہوش ہو کر گر پڑے تھے جس کے بعد چاروں سینٹری ورکرز کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں تین سینٹری ورکرزجانبر نہ ہو سکے اور ہسپتال میں دم توڑگئے۔ایک سینٹری ورکر کو تشویشناک حالت کے پیش نظر سرگودھا منتقل کر دیا گیا۔ سینٹری ورکرز کو حفاظتی سامان مہیا نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیاتھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے بھلوال میں ڈسپوزل کی صفائی کے دوران تین سینٹی ورکرز کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی تھی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ سینٹی ورکر کو بہترین طبی سہولیات و امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔سینٹی ورکرز کام کے دوران حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو سمجھیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز کایہ بھی کہناتھا کہ کام کے دوران سینٹی ورکرز کو سیفٹی گیئر فراہم کرنے متعلقہ ادارے کی ذمہ داری ہے، سینٹی ورکرزکیلئے سیفٹی گیئر اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔