ٓاسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سوات سمیت خیبر پختونخوا ہ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرق میں تھا اور زلزلے کی زیر زمین گہرائی 98 کلومیٹر تھی

بدھ 19 جون 2024 14:35

]اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2024ء) اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سوات اور مالا کنڈ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی، پشاور، مردان ، پارا چنار، نوشہرہ،ملاکنڈ، لوئردیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔مانسہرہ اور ہزارہ ڈویڑن کے دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ، زلزلے کے خوف سے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے شمالی وزیرستان، پاراچنار، لوئر دیر، ہنگو اور گرد و نواح میں بھی محسوس کئے گئے۔ اس کے علاوہ چارسدہ اور صوابی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے حکام کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرق میں تھا اور زلزلے کی زیر زمین گہرائی 98 کلومیٹر تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل 8جون کو بھی سوات،مینگورہ اور اطراف میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھاکہ زلزلے کی شدت 4.5، گہرائی 188 کلو میٹر تھی۔زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔یاد رہے کہ 3 جون کوبھی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میںشام کے وقت اچانک زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگ گھبرا کر گھروں سے نکل آئے تھے او ر انہوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیاتھا۔زلزلے کے جھٹکے کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ اور صدر سمیت دیگر علاقوں میں محسوس کئے گئے تھے۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی گہرائی 22 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کراچی کے شمال مشرق میں 15 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔