بجٹ میں تنخواہ دارطبقہ پرٹیکسوں کامزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہئیے، نوابزادہ افتخار بابر

اتوار 23 جون 2024 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن نوابزادہ افتخار بابر نے کہاہے کہ بجٹ میں تنخواہ دارطبقہ پرٹیکسوں کامزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہئیے۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تنخواہ دار طبقہ پہلے ہی 375 ارب روپے ٹیکس دے رہا ہے سرکاری ملازمین اور تنخواہ دار طبقہ پرمزید ٹیکس عائد نہ کیا جائے تاکہ وہ با عزت زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ پہلے ہی زوال کا شکار ہے، اس شعبہ کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں تاکہ ملک کا یہ اہم شعبہ ترقی کر سکے۔انہوں نے کہا کہ میرا حلقہ این اے 176 مظفرگڑھ سب سے پسماندہ علاقہ ہے ،گزشتہ سیلاب میں وہاں کے سکول سڑکیں اور انفراسٹرکچر تباہ و برباد ہو گیا تھا اب بھی وہاں پر 50 فیصد سڑکیں استعمال کے قابل نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

کوٹ ادو اور ضلع لیہ کی آبادی 40 لاکھ سے زیادہ ہے وہاں پر ایک بھی یونیورسٹی نہیں ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرے حلقے میں ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے قائم کردہ 350 بیڈ کے ہاسپٹل کو میڈیکل کالج کا درجہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب نے فرمایا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا آخری بجٹ ہوگا اللہ کرے کہ یہ ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ آخری بجٹ ہو۔