Live Updates

200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کا ٹیرف آئندہ چھ ماہ تک برقراررکھنا بہت بڑی زیادتی ہے، شیخ وقاص اکرم

پیر 24 جون 2024 16:01

200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کا ٹیرف آئندہ چھ ماہ تک برقراررکھنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2024ء) سنی اتحاد کونسل کے رکن شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کا ٹیرف آئندہ چھ ماہ تک برقرار رکھنا بہت بڑی زیادتی ہے، اس زیادتی کا تدارک ہونا چاہئے۔ پیر کو بجٹ 25-2024ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار ہے، ارکان کی اکثریت نے کہا ہے کہ بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت کی بات کرنے والوں کو یہ بات سوچنی چاہیے کہ بجٹ میں غریب مزدوروں، تعلیم اور صحت کے شعبوں کے ساتھ کیا برتائو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکسوں کی بھرمار سے تنخواہ دار طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو جائے گا، فوڈ آئٹمز پر ٹیکسوں سے مہنگائی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے پر 30 ارب روپے کی سبسڈی واپس لینا درست فیصلہ نہیں ہے۔

پہلے سے سکڑتی ہوئی مڈل کلاس پر ان ٹیکسوں کی وجہ سے مزید مشکلات آئیں گی اور ان کا جینا دو بھر ہو جائے گا۔ پہلے ہی ریونیو کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا اب یہ بڑھا کر 12900 ارب کر دیا گیا ہے یہ کہاں سے آئیں گے۔ جب لوگوں کی آمدن نہیں ہوگی تو وہ ٹیکس کہاں سے ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سوات سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں مذہب کے نام پر واقعات پر ہم سب کو اکٹھا ہونا چاہیے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات