پشاور،جماعت اسلامی زیر اہتمام بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ

اگر ہمیں اپنی پیداکردہ بجلی بھی مل جائے تو ایک سیکنڈ کیلئے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی‘ مقررین

جمعہ 28 جون 2024 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2024ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج ملک بھر اور صوبہ کے دوسرے اضلاع کی طرح پشاور میں بھی جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف واپڈ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، قائم مقام امیر جماعت اسلامی پشاور حمد اللہ جان اور سابق صوبائی وزیر حاٖفظ حشمت خان کر رہے تھے۔

مظاہرین نے واپڈا ہاؤس کے باہر واپڈا کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھ رکھ تھے جس پر واپڈا کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا کہ خیبرپختونخوا وہ واحد صوبہ جہاں بجلی کی پیدوار بھی زیادہ ہے اور بجلی سستی بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم آٹھ ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی پید اکرتے ہیں جبکہ ہماری ضرورت 25سو میگا واٹ جس پر ایک روپے سے تین روپے یونٹ لاگت آتی ہے۔

اگر ہمیں اپنی پیداکردہ بجلی بھی مل جائے تو ایک سیکنڈ کے لیے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ خیبرپختونخوا میں جس کی وجہ سے کارخانے بند پڑے ہیں، بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے جس سے نوجوان نشہ کی لعنت میں پڑ چکے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑنے کے لیے سڑکوں پر نکل چکی ہے۔ ہم عوام کے حقوق کی یہ جنگ جاری رکھیں گے۔

ہم خیبرپختونخوا میں مزید لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں 16گھنٹے اور شہری علاقوں میں 8 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو جینا دو بھر کر دیا ہے۔ لوگوں کے روزگار ختم ہو کر رہے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کا حق دلا کر رہیں گے اور اگر مسئلہ حل نہیں ہوا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس گورنر ہاؤس کا گھراؤ بھی کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو اسلام آباد بھی جائیں گے۔ جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی پشاور حمد اللہ جان، سابق صوبائی وزیر اور این اے 28 کے امیر حافظ حشمت خان اور سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی افتخار احمد نے بھی خطاب کیا۔