Live Updates

سندھ اسمبلی؛ نثار کھوڑو پبلک اکانٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب

پارٹی قیادت کا شکرگزار ہوں، پبلک اکائونٹس کمیٹی سندھ کے تمام محکموں میں اخراجات اور فنڈز کے استعمال پر مانیٹرنگ رکھے گی، نثار کھوڑو

پیر 8 جولائی 2024 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2024ء) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سندھ اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔سندھ اسمبلی کی پبلک اکانٹس کمیٹی(پی اے سی)کے اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نے نثار کھوڑو کو کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا۔ سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پی اے سی کے پہلے اجلاس میں کمیٹی کے رکن مخدوم فخرالزمان نے نثار کھوڑو کو پی اے سی چیئرمین منتخب کرنے کے لیے تجویز پیش کی جس کی تمام اراکین نے تائید کی۔

پی اے سی کے تمام اراکین نے حق میں ووٹ دے کر نثار کھوڑو کو سندھ اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا پارلیمانی آئینی مدت کے لیے بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا۔ سندھ اسمبلی کی 7 اراکین پر مشتمل پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اراکین میں نثار کھوڑو سمیت پیپلز پارٹی کے محمد قاسم سومرو، سعدیہ جاوید،سید فرخ احمد شاہ، مخدوم فخرالزمان، خرم کریم سومرو اور سنی اتحاد کونسل کے محمد ریحان راجپوت شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے چیئرمین پی اے سی منتخب ہونے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ میں نامزد کرنے پر پارٹی قیادت کا شکرگزار ہوں۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی سندھ کے تمام محکموں میں اخراجات اور فنڈز کے استعمال پر مانیٹرنگ رکھے گی۔ عوام کے ٹیکس کے پیسے عوام کی بہتری اور عوامی مفاد میں خرچ ہونے چاہییں۔ جس محکمے میں سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال اور بے قاعدگیوں کی شکایات موصول ہوں گی، وہاں پبلک اکائونٹس کمیٹی نوٹس لے کر کارروائی کی سفارش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال اور سرکاری فنڈز میں بے قاعدگیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ تمام محکمے سرکاری فنڈز کا استعمال عوامی کی بہتری کے لیے خرچ کریں۔ سندھ کا بجٹ صوبائی اسمبلی منظور کرتی ہے اور پبلک اکانٹس کمیٹی سرکاری فنڈز میں بے قاعدگیوں اور فنڈز کے غیرقانونی استعمال کو روکے گی۔

پی اے سی تمام محکموں کے آڈٹ پیراز اور محکموں کے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی روشنی میں جائزہ لے گی۔نثار کھوڑو نے کہاکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پی اے سی سندھ کے تمام محکموں پر مانیٹرنگ رکھے گی۔ پی اے سے کے اجلاسوں میں محکموں کے افسران کی غیرحاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔ پارٹی قیادت نے جب بھی کوئی ذمے داری دی ہے اسے بہتر طریقے سے سرانجام دیا ہے۔ پی اے سی کے تمام اراکین کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے اعتماد کرکے چیئرمین منتخب کیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات