اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کی سماعت مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے راجہ خرم نواز نے بیان حلفی جمع کروادیا

پریزائڈنگ افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولنگ ایجنٹ کو تمام متعلقہ فارمز مہیا کرے، اگر پریزائڈنگ افسر ایجنٹوں کو فارمز نہیں دیتا تو الیکشن ایکٹ کے مطابق کارروائی ہو گی. جسٹس طارق محمود جہانگیری کے ریمارکس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 جولائی 2024 17:08

اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کی سماعت مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے راجہ خرم ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 جولائی ۔2024 ) اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کی درخواست سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے راجہ خرم نواز نے بیان حلفی جمع کروادیا ہے. اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں این اے 48 کے پی ٹی آئی امیدوار علی بخاری کی الیکشن اپیل پر سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے راجہ خرم نواز نے اپنا جواب ، تمام فارمز اور بیان حلفی ٹریبونل میں جمع کروا دیے ہیں.

(جاری ہے)

راجہ خرم نواز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رکن قومی اسمبلی کی جانب سے ریکارڈ لے آئے ہیں فارم 45 ، 46 ، 47 بھی لائیں ہیں ابھی پراسس میں جمع ہو جائیں گے یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ نون کے کامیاب امیدواروں سے دوبارہ بیانِ حلفی طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ سماعت سے پہلے بیان حلفی جمع کرائیں.

عدالت نے جواب جمع نہ کرانے پر ایم این اے راجہ خرم نواز پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا اور اگلی سماعت پر فارم 45 ، 46 ، 47 جمع کرانے کا حکم دیا تھا آج کی سماعت کے دوران جسٹس طارق محمود جہانگیری نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا کیا کیا؟ عدالت نے الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شق پڑھنے کی ہدایت کردی.

الیکشن ٹریبیونل نے کہا کہ 261 پرائذائڈنگ افسر ہیں ان تمام کو پارٹی تو نہیں بنا سکتے پرائذائڈنگ افسر کو بلائیں گے پوچھیں گے کیا انہوں نے تمام قانونی تقاضے پورے کئے ہیں عدالت نے ممبر قومی اسمبلی راجا خرم نواز اور ریٹرنگ افسر کو فارم 45 ، 46 ، 47 رجسٹرار کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ پریزائڈنگ افسران نے فارمز آپ کو بھیجے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ میں اس کے بارے میں کمیشن سے پوچھ کر بتاﺅں گا.

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ پریزائڈنگ افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولنگ ایجنٹ کو تمام متعلقہ فارمز مہیا کرے، اگر پریزائڈنگ افسر ایجنٹوں کو فارمز نہیں دیتا تو الیکشن ایکٹ کے مطابق کارروائی ہو گی جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ پریزائڈنگ افسر 10 پیکٹ بنائے گا اور سب پولنگ ایجنٹوں کے سائن لے گا اگر ایسا نہیں ہو گا اسکی وجوہات لکھے گا.

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پی ٹی آئی امیدوار سے استفسار کیا کہ کیا آپ اور آپ کے ایجنٹ سے ان 10 پیکٹوں پر سائن لیے گئے وکیل علی بخاری نے کہا کہ ہمیں تو اندر ہی نہیں جانے دیے گیا نہ مجھ سے اور نہ میرے ایجنٹ سے سائن لیے گئے. جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ کسی نے کوئی غلط کام کیا ہے تو کون ذمہ دار ہے واقعے کے تہہ تک پہنچنے کے لیے کسی حد تک بھی جائیں گے اگر کسی کو سرٹیفائیڈ کاپی چائیے تو رجسٹرار کو درخواست دے کر حاصل کرسکتا ہے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ اگر کوئی عام شہری بھی ریکارڈ دیکھنا چاہتا ہے دیکھ سکتا ہے کو کوئی روک ٹوک نہیں، کوئی صحافی بھی ریکارڈ دیکھنا چاہے تو دیکھ سکتا ہے بعد ازاں، عدالت نے این اے 48 سے متعلق ٹریبونل نے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی ہے.