کراچی میں پیزا ڈیلیوری کے زریعے منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف

ہم نے چار بینک اکاؤنٹس پکڑے ہیں جن میں منشیات کے پیسے آتے ہیں، ملزمان نے بتایاپیزا ڈیلیوری کیساتھ منشیات بھی بھیجی جاتی ہیں ،شرجیل میمن

بدھ 10 جولائی 2024 18:22

کراچی میں پیزا ڈیلیوری کے زریعے منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2024ء) پیزا ڈیلیوری کے زریعے منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف سامنے آیا، سندھ کے وزیر شرجیل میمن نے بتایا کہ منشیات کی سپلائی کرنے والا گروہ کو پکڑ لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے حوالے سے معاشرہ خطرناک صورتحال سے دوچار ہے ، پیزا کے ساتھ منشیات کی سپلائی کرنے والا گروہ پکڑا گیا ہے۔

سندھ کے وزیر نے کہاکہ ہم نے چار بینک اکاؤنٹس پکڑے ہیں جن میں منشیات کے پیسے آتے ہیں، ملزمان نے بتایاپیزا ڈیلیوری کیساتھ منشیات بھی بھیجی جاتی ہیں ، شاید ڈلیوری بوائے کو بھی پتہ نہ ہوکہ وہ منشیات بھی سپلائی کررہا ہے۔انھوں نے بتایا کہ منشیات فروش قربان شاہ کے اکائونٹ میں منشیات کے پیسے بھیجے جاتے تھے، ملزم کے موبائل فون سے ٹھوس شواہد حاصل ہوئے ہیں، وہ شخص اسلام آباد میں ہے، گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کریں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک بینک کو 23 مئی کو خط لکھا گیا لیکن اس نے اب تک جواب نہیں دیا،ایک ملزم باسط خواجہ کوگرفتار کیا جو کراچی کے پوش علاقے میں منشیات فراہم کرتا تھا، پولیس نے 6 ماہ میں 7632 لوگوں کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کی۔انہوںنے کہا کہ پولیس ،ایکسائز سے مقابلوں میں 6 سے 7منشیات فروش مارے گئے، متعدد زخمی ہوئے،حب ریور روڈ پر چیک پوسٹ قائم کردی ہے، سپرہائی وے پر 10دن میں چوکی قائم ہوجائے گی۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اسکولوں میں بچوں کی سرپرائز چیکنگ کریں گے، سب کو اعتماد میں لیا جائے گا۔