آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آبادسمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں آندھی/جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ہفتہ 13 جولائی 2024 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2024ء) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار،شمال مشرقی / جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں آندھی/جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی / جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پرموسلادھار بارش بھی متوقع ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں اکثر مقامات، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

(جاری ہے)

اس دوران سب سے زیادہ بارش بہاولپور میں (ائرپورٹ 50، سٹی 45)، کوٹ ادو 40، ڈی جی خان 29، لیہ 20، ملتان (سٹی، ائرپورٹ 7)، بہاولنگر 7، اوکاڑہ، رحیم یار خان، جھنگ 4، چکوال، اٹک، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، سیالکوٹ (سٹی، ائرپورٹ ایک )، بھکر ایک، بارکھان 36، سبی 10، ژوب 8، دیر (زیریں 4)، مالم جبہ 3، سیدو شریف ایک ،بگروٹ 2، استور اور بونجی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ہفتہ کو ریکارڈکئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورت کے مطابق تربت، دالبندین، نوکنڈی 43 اور شہید بینظیر آباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔