تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا ان کا خواب محض خواب ہی رہ جائے گا،مینا خان

پیر 15 جولائی 2024 23:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2024ء) صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مینا خان نے عطا تارڑ کے بیان پی ٹی آئی پر پابندی کے رد عمل میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا ان کا خواب محض خواب ہی رہ جائے گا، سیاسی جماعتوں پر پابندی کے ایسے فیصلے آمروں نے کئے تھے،ایسا لگتا ہے کہ ملک میں جمہوریت کا نام ختم ہوتا جا رہا ہے،کوئی بھی چاہے جتنی کوشش کر لے پی ٹی آئی کو عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر مینا خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بڑھتی عوامی مقبولیت اور پے در پے کامیابیوں سے مرکزی حکومت بوکھلا گئی ہے اسی وجہ سے اب بے تکے بیانات دینے شروع کر دئیے ہیں تاہم یہ واضح کر دیں کہ اگر کسی نے تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی ناکام کوشش کی تو پھر عوامی سیلاب لیکر اسلام آباد داخل ہونگے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت کے باعث دیگر سیاسی پارٹیوں کا وجود ختم ہو کر رہ گیا ہے اسی لئے بوکھلاہٹ میں وہ اس قسم کے بے تکے بیانات دے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن مینا خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب شریف برادران کو چاہئیے کہ وہ لندن جانے کی تیاری کریں۔