بجلی پر ٹیکسز ‘ اسلام آباد میں دھرنا ہوگا ‘ طارق متین

دھرنے میں این اے 32 سے ہزاروں افراد شریک ہونگے ‘ رہنماء جماعت اسلامی

بدھ 24 جولائی 2024 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2024ء) بجلی کی قیمتوں میں روز بروز نت نئے ٹیکسوں کی بھرمار اور بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف 26 جولائی کوامیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر اسلام آباد ڈی چوک میں ملک گیر دھرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

دھرنے میں شرکت کیلئے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں پی کے 84 پی کے 83 اور پی کے 82 کے مختلف مقامات پر عوامی تقریبات سے جماعت اسلامی این اے 32 کے امیدوار اور جماعت اسلامی ضلع پشاور کے سیاسی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری طارق متین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنی انا کی جنگ میں مصروف ہیں۔

صوبائی اور مرکزی حکومت اقتدار کی رسہ کشی میں عوامی مسائل سے غافل ہیں۔مہنگائی بے روزگاری اور بجلی،گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور شدیدلوڈشیڈنگ نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے غریب عوام گھروں کا سامان بیچ کر بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ ان حالات میں جماعت اسلامی عوام کی ترجمان بن کر بے حس حکمرانوں سے عوام کا حق لینے کیلئے 26 جولائی کو ڈی چوک اسلام آباد میں دھرنا دے گی۔اس موقع پر پشاور کے مختلف علاقوں کے منتخب چیرمینز اور کونسلرز بھی موجود تھے۔