لاہور سمیت پنجاب مختلف اضلاع میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،نشیبی علاقے زیر آب آ گئے

پیر 29 جولائی 2024 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جولائی2024ء) ملک بھر میں ساون کے دھواں دھار سپیل کا آغاز ہو گیا ، لاہور سمیت پنجاب مختلف اضلاع میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور اطراف میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئیہ۔باغوں کے شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ حبس اور گرمی کی بھی چھٹی ہوگئی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، بارش کے باعث علاقے زیر آب آگئے، جڑوں شہروں میں مجموعی طور پر 50ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریوں کے مقام پر پانی کی سطح 9فٹ تک پہنچ گئی ۔علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور اٹک میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جنوبی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے مطابق 31جولائی تک پنجاب بھر میں بارشیں متوقع ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔