پی آئی اے کا ملک کے ایک اور شہر سے سعودی شہر جدہ کیلئے پروازوں کے آغاز

آغاز کردہ نئے فضائی روٹ پر ہفتہ وار بنیاد پر دو طرفہ 2 پروازیں چلائی جائیں گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 2 اگست 2024 22:25

پی آئی اے کا ملک کے ایک اور شہر سے سعودی شہر جدہ کیلئے پروازوں کے آغاز
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست2024ء) پی آئی اے کا ملک کے ایک اور شہر سے سعودی شہر جدہ کیلئے پروازوں کے آغاز ، آغاز کردہ نئے فضائی روٹ پر ہفتہ وار بنیاد پر دو طرفہ 2 پروازیں چلائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق فضائی پابندیوں کی شکار پاکستان ائیرلائن نے اپنے نقصانات کو کم کرنے کیلئے ایک نئے بین الاقوامی فضائی روٹ پر پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ائیرلائن نے اب ملک کے تیسرے بڑے شہر سے سعودی عرب کے سب سے بڑے شہر جدہ کیلئے پروازیں شروع کر دی ہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے فیصل آباد سے جدہ کیلئے پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا، پہلی پرواز روانہ ہوگئی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے فیصل آباد سے جدہ کیلئے دو طرفہ پروازوں کا آغاز کیا ہے، ہفتہ وار دو پروازیں فیصل آباد سے براہ راست جدہ روانہ ہوں گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ ان پروازوں کی دوبارہ شروعات سے خاص طور پر عمرہ زائرین کو خصوصی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ پہلی پرواز پی کے 763سے 170عازمین عمرہ کو جمعہ کے روز رخصت کیا گیا۔ مزید کہا گیا ہے کہ پی آئی اے اپنے مسافروں کو براہ راست سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے۔ جدہ کی پروازوں سے سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں مقیم افراد کو بھی وطن واپسی کے لئے براہ راست سفر کی سہولت میسر آئے گی۔

فیصل آباد کی کاروباری برادری نے پی آئی اے کی جدہ کے لئے براہ راست پروازوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ جبکہ فیصل آباد تا جدہ کے علاوہ بلوچستان سے عمرے کی ادائیگی کے لئے کوئٹہ سے جدہ جانے کے لئے پی آئی اے 6 اگست 2024سے براہ راست پروازیں شروع کررہی ہے۔ اس سے پہلے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے کوئٹہ اور بعد میں کراچی جاکر سعودی عرب جانا پڑتا تھا، اب وہ کوئٹہ سے براہ راست روانہ ہوں گے ۔ ہفتے میں دو پروازوں کے ذریعے اہل بلوچستان کی سفری اذیتوں میں واضح کمی آئے گی ۔