شہریوں کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز زیرغور

وزیراعظم شہبازشریف کو وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کی تجاویز سے آگاہ کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 اگست 2024 14:25

شہریوں کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز زیرغور
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2024ء ) وزارت خزانہ اور وزارت توانائی نے صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف کیلئے مختلف تجاویز دے دیں۔ دنیا نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ و وزارت توانائی حکام بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے گزشتہ ہفتے سے مل کر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کو وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کی تجاویز سے آگاہ کردیا گیا ہے، اس حوالے سے ابھی کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا، وزارت خزانہ نے اپنی تجویز بجلی بلوں میں ریلیف کو آئی ایم ایف سے مشروط کرنے کا کہا ہے تاہم وزارت توانائی کی جانب سے کپیسٹی پیمنٹ ادائیگیوں کیلئے 4 ٹریلین روپے تک کی رقم یکمشت ادا کرنے کی تجویز دی گئی۔

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز کو رقم یکمشت دے کر بجلی بلوں میں ریلیف دیا جا سکتا ہے، آئی پی پیز کو ادائیگیاں یکمشت کرنے سے بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ سے زائد کمی ہوگی، اس مقصد کے لیے آئندہ 3 سے 5 برسوں کیلئے آئی پی پیز کو اکٹھی ادائیگیاں کردی جائیں، اس سے آئی پی پیز کی ادائیگیوں کا بوجھ اور گردشی قرضہ کم ہوگا، وزارت خزانہ فنانسنگ ارینج کرنے کے بعد رقم وزارت توانائی کو فراہم کرے، وزارت توانائی وزارت خزانہ سے رقم لے کر آئی پی پیز کو یکمشت ادا کرے۔

(جاری ہے)

ادھر وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جولائی 2024 کے بجلی بلوں کی مقررہ تاریخ میں 10 دن کی توسیع کر دی گئی،صارفین اضافی سرچارج کے بغیر توسیع کردہ تاریخ تک بل جمع کروا سکتے ہیں،وزیراعظم کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے تمام تقسیم کار کمپنیوں، دفاتر، بنکوں اور ڈاک خانوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جو صارفین اضافی سرچارج ادا کر چکے ہیں انہیں اگست 2024 کے بل میں ایڈجسٹ کر دیا جائے گا، مزید معلومات کیلئے صارفین متعلقہ ایس ڈی او، ریونیو دفاتر یا قریبی کسٹمر سروسز سینٹر سے رابطہ کریں۔