سینیٹراسحاق ڈارکو قائم مقام ایرانی وزیر خارجہ کا ٹیلی فون ، اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار

ہفتہ 3 اگست 2024 17:16

سینیٹراسحاق ڈارکو  قائم مقام ایرانی وزیر خارجہ کا ٹیلی فون ، اسماعیل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2024ء) نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ شہید کا بہیمانہ قتل بین الاقوامی قانون اور سفارتی اصولوں کے خلاف ہے۔ہفتہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے ہفتہ کو ٹیلی فون کیا۔

ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے تہران میں اسماعیل ہنیہ کے قتل پر ایرانی قوم اور قیادت کے گہرے غم کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستانی عوام کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت اور اسماعیل ہنیہ شہید کے بہیمانہ قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ۔

مزید برآں، پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر اس گھناؤنے فعل کی مذمت کی ہے، اسماعیل ہنیہ شہید کا بہیمانہ قتل بین الاقوامی قانون ،سفارتی اصولوں اور اقوام عالم کے درمیان قابل قبول طرز عمل کے خلاف ہے۔ ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم سے اس معاملے پر وزرائے خارجہ کی سطح پر بلائے جانے والے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی بھی درخواست کی۔ نائب وزیراعظم نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے بلانے کی مکمل حمایت کی۔نائب وزیراعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان اہم اجلاس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا۔