ڈرو اس وقت سے جب نوجوان انقلاب برپا کرتے ہیں:بابراعوان

منگل 6 اگست 2024 18:14

ڈرو اس وقت سے جب نوجوان انقلاب برپا کرتے ہیں:بابراعوان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان نے کہا ہے کہ اس حکومت کا کائونٹ ڈان شروع ہو چکا ہے، ہمارا سیاسی تجزیہ ہے حکومت ختم ہونے والی ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اس حکومت سے پوچھیں تو وہ بتاتے ہیں ہم پر دبائو ہے، وہ کہتے ہیں ڈلیور نہیں کر سکتے ،اگر ڈلیور نہیں کر سکتے تو پھر حکومت چھوڑ دو۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش میں دھاندلی ہوئی اور اس کا نتیجہ دیکھ لو، کل وہاں فوج نے کہا ہم عبوری حکومت بنائیں گے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا کیا جائے، آئی پی پی والا تماشا کمیٹی منظور نہیں، آپ تاجروں اور اصل سٹیک ہولڈر کو بلائیں اور ان سے پوچھیں، شوباز کی جھوٹی باتیں نہیں چلیں گی۔بابراعوان نے کہا کہ آئی پی پیز وفاق اور پنجاب حکومت کی ملکیت ہیں، ان سب کو گرفتار کریں جو ان کے ریڑو ہیں، شہباز شریف کے لیے کوئی ہیلی کاپٹر نہیں آئے گا، ڈرو اس وقت سے جب نوجوان انقلاب برپا کرتے ہیں، ہمارا ملک معاشی طور پر کھائی میں گر چکا ہے، بانی پی ٹی آئی حکومت کا بھوکا نہیں ہے۔